بھٹکل، 24 / اپریل (ایس او نیوز) الیکشن کے دن قریب آتے ہی لگتا ہے کہ بھٹکل میں بھی سیاسی دَل بدلی کی ہوا چل پڑی ہے، کیونکہ کل اتوار کے دن بلاک کانگریس دفتر میں منعقدہ ایک پروگرام میں بی جے پی کے کئی لیڈران اور کارکنان نے دَل بدلی کرتے ہوئے باضابطہ طور پر کانگریس میں شمولیت اختیار کی ہے ۔ ہَوا کے اس رخ کو کانگریسی امیدوار منکال وئیدیا کے لئے اچھا شگون مانا جا رہا ہے ۔
منکال کا ساتھ دینے کے لئے بی جے پی کو چھوڑ کر کانگریس میں شامل ہونے والوں میں ماولّی ٹو گرام پنچایت صدر راگھو نائک ، گنیش ڈی نائک ہاڈولّی، رمیش ایم نائک ماولّی، سیتا رام دیواڈیگا، ڈی ایچ نائک کے علاوہ کئی لوگ شامل ہیں ۔
بھاری جیت کا یقین ہے : اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سابق ایم ایل اے منکال وئیدیا نے کہا کہ میں نے رکن اسمبلی کی حیثیت سے علاقے میں جو تعمیراتی کام انجام دئے تھے اور عوام کی خدمت، امداد اور تعاون کیا تھا اس کے اعتراف میں عوام نے آج میرا ساتھ نبھانے کا ارادہ کیا ہے ۔ اسمبلی حلقہ میں ہر جگہ بہت ہی اچھا ماحول بن رہا ہے ۔ جس کی وجہ سے مجھے یقین ہے کہ اس الیکشن میں مجھے بھاری جیت ملے گی ۔

انہوں نے کہا کہ کارکنان کو عمدہ طریقے سے سرگرمی دکھانا چاہیے ۔ ابھی سے ضلع پنچایت اور تعلقہ پنچایت انتخابات کے لئے تیاری شروع کرنا چاہیے ۔ کسی بھی قسم کی تفریق اور بھید بھاو کے بغیر اسمبلی حلقہ کے ہر ایک گھر تک پہنچ کر ہمارے لئے ووٹ دینے کی اپیل کرنا چاہیے ۔ منکال نے کہا کہ میں ہر ایک بوتھ کی سطح پر دورہ کرنے کے تیار ہوں آپ مجھے بتائیں کہ آپ کے بوتھ والے علاقے میں مجھے کب پہنچنا ہوگا ۔ میں اسی حساب سے اپنا دورہ طے کروں گا ۔
تعلقہ آڈلیت سودھا کے لئے فنڈ : منکال نے بتایا کہ میں نے رکن اسمبلی رہتے ہوئے تعلقہ آڈلیت سودھا (منی ودھان سودھا) کی تعمیر کے لئے جو فنڈ منظور کروایا تھا اس سے آج بہت ہی بڑی اور شاندار عمارت میں عوام کو انتظامی سہولتیں اور خدمات مل رہی ہیں ۔ گزشتہ پانچ سال سے موجودہ ایم ایل اے نے تعلقہ آڈلیت سودھا کے لئے ضروری ساز و سامان کے لئے ایک روپیہ بھی منظور نہیں کروایا ہے ۔ اس لئے سمجھا جا سکتا ہے کہ ایم ایل اے آخر کس قسم کے ترقیاتی کام انجام دئے ہونگے ۔
سرکاری زمین کی فروخت : سابق ایم ایل اے نے کہا کہ بی جے پی جس طرح ملک بھر میں سرکاری املاک نجی افراد کو فروخت کر رہی ہے ، اسی طرح بھٹکل میں اس کا سلسلہ شروع کر دیا ہے ۔ اس سے پہلے بھٹکل سرکاری بس ڈپو اور بس اسٹینڈ ایک ہی جگہ پر موجود تھے ۔ مگر بس اسٹینڈ میں عوام کو پارکنگ کی سہولت کے علاوہ تجارتی کامپلیکس بنا کر وہاں عوام کے لئے سہولتیں فراہم کرنے کے مقصد سے بس ڈپو کو ساگر روڈ پر منتقل کیا گیا ۔ آج بس اسٹینڈ کی جو پرانی جگہ تھی وہی نجی افراد کو فروخت کر دی گئی ہے ۔ عوام کو پارکنگ کی سہولت سے محروم کرکے یہ جگہ فروخت کرنا قابل مذمت ہے ۔
رکشہ یونین کے لئے جگہ منظوری : بھٹکل میں آٹو رکشہ ڈرائیورس کی طرف سے بڑی مدت سے جہاں گنیش اتسوا منایا جاتا ہے وہ جگہ انہیں منظور کروانے کی میں نے بھی کوشش کی تھی ۔ لیکن اُس وقت وہ کام ممکن نہیں ہو سکا تھا ۔ ابھی کچھ دن قبل یہ خبر سن کر خوشی ہوئی کہ موجودہ ایم ایل اے نے آٹو رکشہ یونین والوں کے لئےوہاں 10 گُنٹہ زمین منظور کراوئی ہے ۔ اس کام کے لئے ایم ایل اے کو میں نے خود اپنی طرف سے مبارکباد دینے کی نیت سے اسسٹنٹ کمشنر کے دفتر پہنچ کر جگہ منظور ہونے کا حکمنامہ ، آر ٹی سی وغیرہ طلب کی تو انہوں نے بتایا کہ اس ضمن میں انہیں کوئی علم نہیں ہے ۔
منکال نے کہا کہ اس طرح کی جھوٹی خبریں عام کرکے عوام کو بے وقوف بنانا ایک ایم ایل اے کو زیب نہیں دیتا ۔ یہ اچھی بات نہیں ہے ۔
اس موقع پر ضلع پنچایت سابق صدر جئے شری موگیر، سینئر کانگریسی لیڈر ایل ایس نائک، مہیلا کانگریس صدر نینا نائک، بلاک کانگریس صدر وینکٹیش نائک، ضلع مائناریٹی سیل کے صدر عبدالمجید شیخ ، ماولیّ ٹو گرام پنچایت صدر راگھو نائک، تعلقہ پنچایت سابق رکن وشنو دیواڈیگا وغیرہ موجود تھے ۔